سینیئر سپرنٹنڈٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ٹریفک ایبٹ آباد نے اہلکاروں کو شہریوں کے غیر ضروری اور بھاری چالان کرنے سے سختی سے منع کردیا۔
ایس ایس پی ایبٹ آباد طارق محمود نے ٹریفک وارڈنز پر صاف صاف واضح کیا ہے کہ غیر ضروری اور بھاری چالان کرنے والا ٹریفک پولیس میں نہیں رہے گا۔ٹریفک وارڈنز سے خطاب کرتے ہوئے طارق محمود کا کہنا تھاکہ جون اور جولائی میں آپ لوگوں نے بے تحاشہ چالان کیے ہیں، آپ لوگ نہ تو ریونیو ڈپارٹمنٹ سے ہیں اور نہ ہی فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے نمائندے ہیں، آپ کا کام ٹریفک کی روانی بہتر بنانا اور شہریوں کی مدد کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگ پہلے ہی معاشی مشکلات کا شکار ہیں اوپر سے آپ دھڑا دھڑ جرمانے کررہے ہيں، باہر سے سیاح آتے ہیں، مسافر آتے ہیں، کوئی غریب گاڑی میں بکری، گائے ہوتی ہے ، اس پر جرمانہ، ہر ایک پر جرمانہ کیا جارہا ہے، آپ کا کام جرمانے کرکے کمیشن بنانا نہیں۔
ایس ایس پی نے ہدایت کی کہ اب صرف تیز رفتاری، کمسن بچوں کی ڈرائیونگ اور بغیر ہیلمٹ والوں سمیت بڑی خلاف ورزی پر جرمانہ کیا جائے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی بھی سپاہی یا سارجنٹ نے کسی شہری کے ساتھ ناانصافی کی تو وہ ڈیوٹی پر نہیں رہے گا۔
0 Comments